جب سے حکومت کی نامزد کردہ فاٹا ریفامز کمیشن کی سفارشات سامنے آئی ہے اس کے بعد فاٹا کے اصلاحات اور خاص کر فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کے حوالے سے سیاسی کارکنوں میں گرما گرم بحث و مباحثہ شروع ہے ۔ انضمام کے ایشیو کے حوالے سے کافی غلط فہمیاں بھی موجود ہے ۔ بعض سیاسی کارکن اپنے سیاسی رقابتوں اور تعصبات کی وجہ سے کئ حقائق کو نظرانداز کررئےھیں۔ فاٹا کی صوبے میں انضمام کی حمایت یا مخالفت ھر فرد کا حق ہے۔ یہ ایک سیاسی ایشیو ہے ۔ یہ اور بات ہے کہ کچھ لوگ سیاسی اختلاف رائے اور ذاتی دشمنی میں فرق سمجھنے سےقاصر نظر آتے ھیں ۔ اور سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی تعبیر کرتے ھیں ۔ ان کا انداز بیان اور لھجہ سیاسی سے زیادہ ذاتیات پر مبنی نظر آتا ہے۔ اور ان کا یہ طرزعمل ان کے سب سے زیادہ سیاسی طور پر باشعور اور تربیت یافتہ کارکن ھونے کے ان کے دعووں کی بھی نفی کرتی ہے۔
اس مضمون کا مقصد انضمام کی اچھائی یا برائی بیان کرنا نہیں اگرچہ راقم انضمام کے حق میں ہے بلکہ انضمام کے ایشیو کے حوالے سے پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ اور اسکو صیع تناظر میں دیکھنا ہے ۔ سب سے پہلی غلط فہمی تو یہ ہے کہ قبائلی عوام انضمام نہیں چاہتے ۔ دوسری غلط فہمی یہ ہے کہ انضمام کا ایجنڈا اسٹبلشمنٹ کا ایجنڈا ہے ۔ تیسری غلط فہمی یہ ہے کہ اس سے قبائیل کی ازادی سلب ھوجائیگی اور وہ غلام بن جائنگے۔
انضمام کے حوالے سے چند نکات درج ذیل ھیں ۔
ایک یہ تو ایشیو نیا نہیں بلکہ بہت پرانا ہے۔ یہ ایشیو کسی اور کا نہیں بلکہ فاٹا کا سراسر داخلی ایشیو ہے اور فاٹا میں اس حوالے سے وسیع افہام و تفہیم موجود ہے۔ اس سے انکار نہیں کہ مخالفت بھی ہے ۔ مگر فاٹا میں سرگرم عمل زیادہ تر سیاسی جماعتیں اور قبائلی سیاسی کارکن کچھ عرصے سے اس ایشیو کو اٹھا رئے ھیں ۔
دوسرا یہ ایشیو کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ کئ سیاسی جماعتوں کا مشترکہ ایشیو ہے. فاٹا اصلاحات کا مطالبہ قبائلی عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے ۔ اور اس مطالبے میں بندوبستی علاقوں کے سیاسی اور سماجی کارکنوں نے بھرپور ساتھ دیا ہے۔ اس کو سیاسی حساب برابر کرنے کیلئے صرف اے این پی کا ایشیو قرار دینا زمینی حقائق سے روگردانی ہے ۔ ملک کی دس بڑی سیاسی جماعتوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی برائے فاٹا اصلاحات کا 2010 میں قیام ایک بہت بڑی کامیابی تھی۔ اس کمیٹی جس میں پاکستان مسلم لیگ ( نواز) پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، عوامی نیشنل پارٹی ، پاکستان تحریک انصاف ، قومی وطن پارٹی، جمعیت علماء۔اسلام ( ف) ، متحدہ قومی موومنٹ ، مسلم لیگ ( ق) اور نیشنل پارٹی شامل تھی نے اکتوبر 2013 میں گیارہ نکاتی اصلاحات ایجنڈہ پیش کیا۔ اصلاحات کے حوالے سے قومی اتفاق رائے کے سلسلے میں ایک اور بڑی کامیابی دسمبر 2014 میں منظور شدہ بیس نکاتی قومی منصوبہ عمل بھی تھا جس کا بارھواں نکتہ فاٹا میں اصلاحات کے بارے میں تھا۔
اس طرح اس کمیٹی کے بعد قبائلی سیاسی راھنماوں پر مشتمل آل فاٹا پولیٹیکل الائینس بھی بنی۔ فاٹا پولیٹیکل الائنس نے اپنے مطالبات بشمول فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں کو ھمنوا بنانے کیلئے سندھ ، بلوچستان اور پنجاب کے دورے بھی کئے اور مختلف سیاسی راھنماوں سے رابطے کیئے آل فاٹا پولیٹیکل الائنس نے تقریباً تمام قبائلی علاقوں اور بندوبستی علاقوں میں اپنے مطالبات کے حق میں پرامن ریلیوں اور جلسوں کا انعقاد کیا ۔ مثال کے طور پر چھبیس دسمبر 2015 کو باجوڑ اور جنوری 2017 میں خیبر ایجنسی میں بڑی ریلی نکالی گی ۔ اس طرح الائینس نے سولہ نومبر 2015 کو ڈی چوک اسلام آباد میں اپنی طاقت کا بھرپور مظاھرہ کیا ۔ جس میں تمام قبائلی علاقوں سے ھزاروں افراد نے شرکت کی۔
قبائلی علاقوں میں سیاسی بیداری کا نتیجہ تھا کہ پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار فاٹا کے اراکین پارلیمنٹ نے نو ستمبر 2015 کو فاٹا میں اصلاحات کیلئے بائیسویں آئینی ترمیم پیش کی ۔ اس آئینی ترمیم میں جس کو اکثریتی فاٹا اراکین قومی اسمبلی کی حمایت حاصل تھی قبائلی علاقوں کی ضم ھونے کی بات کی گئ تھی۔ اندرونی اور بیرونی دباؤ کے پیش نظر وفاقی حکومت نے نومبر 2015 کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی فاٹا اصلاحات کمیٹی تشکیل دی اور اس کو اصلاحات تجویز کرنے کی ذمہ داری دی ۔ اس طرح چوبیس اگست 2016 کو فاٹا سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ نے حکومت کی مقرر کردہ ریفارمز کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کی جس میں کمیٹی نے اراکین پارلیمنٹ کے پانچ نکات کو مان لیا گیا۔ جس میں قبائلی علاقوں کی صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم ھونے کا نکتہ بھی شامل تھا۔ یہ اور بات ہے کہ بعد میں کچھ قبائلی اراکین پارلیمنٹ کا موقف تبدیل ھوا۔
انضمام کی پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور جمعیت علماء اسلام ( ف) کر رہی ہے۔ فاٹا گرینڈ الائنس جو روایتی ملکان اور پولیٹیکل انتظامیہ کی ھمنوا شخصیات پر مشتمل ہے بھی انضمام کی مخالفت کررہی ہے ان میں سے کئ ملکان ماضی میں سیاسی اصلاحات اور سیاسی سرگرمیوں کی مخالفت میں میں پیش پیش رئے ھیں ۔
تیسرا یہ تاثر کہ شاید انضمام کا مطالبہ کسی اور جانب سے یا اسٹبلشمنٹ نے فلوٹ کیا ہے بھی بلکل غلط ہے کیونکہ یہ ایشیو بنانے اور اٹھانے میں خالصتا قبائلی سیاسی کارکنوں ، راھنماوں اور دانشورں کا اھم رول رہا ہے۔ اس ایشیو کو ایشیو بنانے ، اجاگر کرنے اور زندہ رکھنے کے پیچھے لمبی تاریخ ہے ۔ سب سے پہلے فاٹا کی اصلاحات اور حقوق کیلئے آواز آٹھانے والوں میں پشتون قوم پرست جماعتوں کا نام آتا ہے ۔ قوم پرست جماعتوں اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بیشمار پریس کانفرنسوں ، سیمینارز ، جرگوں ، اور ریلیوں کے زریعے اس ایشیو کو اٹھایا ہے اور اس کو قومی مباحث اور قومی ایجنڈے پر لانے میں اھم رول رہا ہے۔
اس سلسلے میں قبائلی دانشوروں اور کارکنوں کی مختلف تنظیموں جیسے تحریک اتحاد قبائیل ، فاٹا یونین آف جرنلسٹ ، فاٹا لائیرز فورم، امن تحریک ، پختونخوا اولسی تحریک وغیرہ کے علاوہ بعض غیر سرکاری تنظیموں جیسے شہید بھٹو فاونڈیشن ، انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان ،ساؤتھ ایشیا پارٹنرشپ پاکستان ، عورت فاونڈیشن، سنگی ڈویلپمنٹ فاونڈیشن ، ادارہ استحکام شرکتی ترقی وغیرہ کا بھی اھم کردار رہا ہے ۔
اگر شہید بھٹو فاونڈیشن نے اصلاحات کے مسلے پر مشترکہ ایجنڈا بنانے اور اس پر اتفاق رائے پیدا کرنے میں اھم کردار ادا کیا تو دیگر ملکی غیر سرکاری تنظیموں نے قبائیلی کارکنوں کو اپنےمسائل کی نشاندہی ، اسے اجاگر کرنے اور عوام کو متحرک کرنے کیلئے ضروری استعداد کاری اور تربیت فراھم کی اور قبائلی کارکنوں کی حقوق کے بارے میں بالعموم اور اصلاحات کے حوالے سے بالخصوص آگاہی اور بیداری پیدا کرنے میں اھم کردار ادا کیا۔ فاٹا ریفارمز کمیٹی نے اگر اس مطالبے کو اپنی سفارشات میں شامل کیا ہے تو یہ قبائلی عوام کے مطالبے کی بدولت ھوا ہے۔ یہ ایشیو پولیٹیکل ڈس کورس یعنی سیاسی مباحث کا حصہ بن جانے کے بعد فاٹا ریفارمز کمیٹی بھی اس مطالبے کو نظر انداز نہ کرسکی اور اس کو سفارشات میں شامل کیا ۔
جہاں تک اس بات کا تعلق ہے کہ اسٹبلشمنٹ کا انضمام پر کیا موقف ہے اور کیا نہیں ۔ میرے کچھ عزیز دوستوں کے دعوے ایک طرف وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ جو خود بھی فوج میں اھم عھدوں پر رئے ھیں اور فاٹا کو بھی دیکھ رہے ھیں کے ایک پالیسی بیان کا حوالہ دینا چاھتا ھوں ۔ امسال بیس جولائی کو سینٹ میں فاٹا اصلاحات پر تحریک کا جواب دیتے ھوئے وفاقی وزیر سفیران عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ فوج نے فاٹا کو بغیر مرکزی دھارے میں لائے بغیر ضم کرنے کی مخالفت کی ہے اور ساتھ میں یہ بھی کہا کہ فوج نے کسی مرحلے پر فاٹا اصلاحات کی مخالفت نہیں کی۔ اس بیان نے ان زیر گردش افواھوں اور اطلاعات پر مہر ثبت کردی کہ فوجی قیادت موجودہ صورتحال میں انضمام کے حق میں نہیں۔ مختلف جماعتوں کی آپس کی اختلافات اور رقابتیں ایک طرف مگر فاٹا میں اس اصلاحات کے عمل کو کسی فرد یا ریاستی ادارے سے منسوب کرنا یا ان کو کریڈٹ دینا میرے خیال میں انتہائی زیادتی کی بات ھوگی ۔
یہ بات کہ فاٹا آزاد ہے غلط ہے۔ جس فاٹا کو میں جانتا ھوں وہ تو پاکستان کی عملداری میں شامل ہے۔ بالواسطہ سہی اور کمزور سہی مگر وہاں پاکستان کی عملداری اور قانون رائج ہے۔ کسی ساتھی نے میری اس بات کے جواب میں کہ قبائلی علاقے اس وجہ سے آزاد نہیں کہ اس کی اپنی کرنسی ، نصاب تعلیم اور گورنس کے اپنے منتخب ادارے نہیں یہ دلیل بھی دی کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا اپنا جھنڈا اور اسمبلی ہے پھر بھی وہ آزاد نہیں ۔ فاٹا کا آزاد کشمیر اور گلگت و بلتستان سے موازنہ بیجا اس وجہ سے ہے کہ ان علاقوں میں لنگڑی لولی ہی سہی منتخب کونسل ، عدلیہ اور سیلف گورننس کے دیگر ادارے موجود ھیں۔ جبکہ فاٹا میں اس قسم کا کوئی ادارہ موجود نہیں۔
کچھ دوستوں نے فاٹا کی مماثلت چین کی برطانیہ کو ھانگ کانگ لیز پر دینے اور واپس لینے سے دی ۔ لیز پر دینا اور لینا ایک کارباری سودا ہے جبکہ ڈیورینڈ ایک دوطرفہ سیاسی معاھدہ ۔ کسی نے برطانوی دور میں موجود ریاستوں کی حیثت کو فاٹا سے مماثل قرار دیدیا ۔ دیر، چترال ، سوات وغیرہ نیم خودمختار ریاستیں تھی جو انگریزوں کے اثر سے باھر نہیں تھی۔ پانچ سو سے زائد ریاستوں میں انگریز فوج یا اس کی مقرر کردہ انتظامیہ نظم و نسق چلانے کیلے موجود نہیں تھی جبکہ قبائلی علاقے ریاستوں کی طرح بالواسطہ کنٹرول کیے جاتے تھے۔ اس کے علاوہ قبائلی علاقے نہ تو ریاستوں کی طرح کوئی اکائی تھی اور نہ کوئی یکساں اور مرکزی نضم و نسق کا نظام موجود تھا ۔ اس کے علاوہ انگریزوں کے زیر انتظام قبائیلی علاقوں میں ان ریاستوں کی طرح سیلف گورنسس کے ادارے بھی نہیں تھے ۔
اگر کسی وجہ سے کوئی بھی سیاسی جماعت اس تمام پراسس کا فعال حصہ نہیں رہا تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ سیاسی عمل ھوا نہیں ۔ سیاسی عمل کے اپنے حرکیات ھوتے ھیں وہ کسی کی شرکت کرنے یا نہ کرنے سے رکتے نہیں ۔
یہ الگ سوال ہے کہ انضمام کا مطالبہ سیاسی جماعتوں کی توقعات اور مطالبات کے عین مطابق ہے یا نہیں اور مجوزہ مطالبہ ان جماعتوں کی نظریاتی اور سیاسی فریم ورک کیساتھ کس حد تک مطابقت رکھتی ہے اور کس حد تک نہیں ۔ وہ یہ سیاسی جماعتیں جانے اور ان کے کارکن ویسے بھی سیاست میں ایک قدم آگے جانے کیلئے دو قدم پیچھے ہٹنا پڑتا ہے۔ مگر بحیثت مجموعی اصلاحات سے قبائلی عوام کی زندگی نسبتا آسان ھوجائیگی اور اب ان کو بھی ملک کے دیگر شہریوں کے مساوی حقوق حاصل ھونگے۔ اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ زیادتی اور بے انصافی کی صورت میں ان کو قانونی داد رسی کے بیشمار زرائع اور اپنے حق کیلئے آواز اٹھانے کے کئی فورم اور مواقع میسر آئینگے ۔